تلنگانہ میں گزشتہ چند دنوں کے دوران ہوئی بارش کے نتیجہ میں تالابوں اور آبی ذخائرکی سطح میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔
ریاست کے تقریبا 200تالاب لبریز ہوگئے ہیں۔سدی پیٹ ضلع کے محکمہ سمکیات کے عہدیداروں نے 780تالابوں میں 2.49کروڑر وپئے مالیت کی چھوٹی مچھلیوں کو چھوڑا تھا۔بارش اور تالابوں کی سطح میں مسلسل اضافہ کے بعد کئی مقامات پر بارش کے پانی کے ساتھ مچھلیاں بھی بہہ کر آگئیں جس کے بعد مواضعات کے لوگ ان مچھلیوں کو پکڑنے کے لئے پہنچ گئے۔
سدی پیٹ ضلع کے دھولی مٹا لنگاپور گاوں میں مقامی تالاب لبریز ہوگیا،یہ تالاب مقامی افراد کے لئے مچھلی پکڑنے کا مقام بن گیا کیونکہ یہاں بارش کے پانی میں بڑے پیمانہ پر مچھلیاں دیکھی گئیں۔اس اطلاع کے ساتھ ہی لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جال کے ساتھ پہنچ گئی اوران مچھلیوں کو پکڑا۔یہ منظر کئی افراد نے اپنے سل فونس میں قید کرتے ہوئے سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارمس پر شئیر کیا تاہم حکام نے غیرمحفوظ مچھلی پکڑنے کے طریقہ کے خلاف انتباہ دیاکیونکہ بارش کے پانی کے نتیجہ میں کئی تالابوں کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
اسی دوران منچریال ضلع کے سُندیلہ بیریج میں بھی کئی مچھلیاں بہہ کر آگئیں جن کو پکڑنے کیلئے لوگ وہاں پہنچ گئے۔حالیہ بارش کی وجہ سے مچھلیوں کی بڑی تعداد اس بیریج میں دیکھی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سری سیلم واقعے کی جانچ جاری