چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) این وی رمنا نے جمعہ کو کہا کہ وہ ججوں کی خالی آسامیوں کو پر کرنے اور مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے عدالتی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر زور دے رہے ہیں۔دو روزہ تلنگانہ اسٹیٹ جوڈیشل آفیسرس کانفرنس-2022 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس رمنا نے کہا کہ ’’ہم انصاف تک پہنچ سکتے ہیں جب ہمارے پاس کافی تعداد میں عدالتیں اور بنیادی ڈھانچہ موجود ہو۔ تاکہ مدعی کو زیادہ بھٹکنا نہ پڑے۔"سی جے آئی نے کہا کہ عدالت میں مقدمات کی زیادہ تعداد اور ججوں کی کمی کی وجہ سے کئی برسوں کے انتظار کے بعد مدعی کو انصاف ملتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ ججوں کی تقرری کرنی چاہیے اور میں ڈسٹرکٹ کورٹ، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں کہیں بھی کوئی آسامی نہیں رکھنا چاہتا۔‘‘ سی جے آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے ملک کے مختلف حصوں اور عدالتوں میں ایک تفصیلی سروے کیا گیا جس میں پتہ چلا کہ بنیادی ڈھانچے کی کافی کمی ہے۔انہوں نے اضلاع کے جوڈیشل افسران سے کہا کہ وہ فریقین کے لیے سازگار ماحول پیدا کریں اور مقدمات کا فیصلہ کرتے وقت انسانی پہلو کو مدنظر رکھیں۔