حیدرآباد:درجنوں تاریخی مساجد میں مکہ مسجد سے مشابہت رکھنے والی قطب شاہی سلطنت کے چوتھے بادشاہ ابراہیم قلی قطب شاہ کی جانب سے سنہ 1550 میں تعمیر کردہ مسجد ابراہیم باغ کا نام بھی قابل ذکر ہے یہ مسجد مکہ مسجد سے 20 کلو میٹر دور قلعہ گولکنڈہ کے قریب واقع ہے لیکن یہ وقف بورڈ اور حکومت کی عدم توجہی کا شکار ہے۔ مسجد ابراہیم باغ زمین سے 200 فٹ اونچائی پر ہے۔ اس مسجد میں بیک وقت ایک ہزار مصلی نماز ادا کرسکتے ہیں۔
ابراہیم قلی قطب شاہ کے فرزند محمد قلی قطب شاہ نے سنہ 1517 میں شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد تعمیر کروائی تھی، اسی طرز ڈیزائن پر مسجد ابراہیم باغ کی بھی تعمیر ہوئی۔ مسجد ابراہیم باغ کئی برس ویران تھی۔ 14 سال پہلے صحافی محمد اکرم علی ابو ایمل نے اس کو آباد کرنے کے جدوجہد شروع کی، سابق رکن اسمبلی مرحوم افسر خان نے اس مسجد کو آباد کیا تھا۔ اس کے متولی عبداللہ رحیم نے کہا کہ مسجد کو آباد ہوئے 14 سال مکمل ہوچکے ہیں لیکن اب تک وقف بورڈ کی جانب سے کوئی مدد نہیں کی گئی۔ مسجد کی آمدنی کو کوئی ذریعہ نہیں ہے، مسجد کے اخراجات اور امام و مؤذن کی تنخواہ متولی وقف کے افراد خاندان ادا کرتے ہیں۔