حیدرآباد:ایم ایس ایجوکیشن کے ڈائریکٹر معظم حسین نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایم ایس ایجوکیشن کے ایک ہزار اٹھارہ طلبا نے ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کی جس میں سے 969 طلباء نے 90 فیصد سے زائد مارکس سے کامیابی حاصل کی۔ ان طلباء میں سے 11 طلبا نے 10 پوائنٹ 10 گریڈ حاصل کیے ہیں جو ایم ایس ادارہ اور ان کے والدین کے لیے فخر کی بات ہے۔ مزید 28 طلبا نے 9 پوائنٹ 8 گریڈ حاصل کیا ہے۔
اس پر مسرت موقع پر ایم ایس کی جانب سے ایک تہنیتی تقریب منعقد کی گئی جس میں ایس ایس سی کامیاب طلباء اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کامیاب ہونے والے طلباء کو مبارک باد پیش کی گئی۔ ایم ایس کے ڈائریکٹر معظم حسین نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلباء کامیابی حاصل کریں اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کر کے اپنی ذمہ داری نبھائیں اور قوم کا اثاثہ بنیں۔ ایم ایس کی شروع سے یہی کوشش رہی کہ ملت کے طلباء نمایاں کامیابی حاصل کر کے قوم کا نام روشن کریں ۔ اس کے لیے ایم ایس کی انتظامیہ ہمہ وقت مصروف رہتی ہے۔ ایم ایس میں تعلیم کے ساتھ تربیت پر بھی پوری توجہ دی جاتی ہے تاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دین بھی بچوں میں داخل ہوسکے اور وہ اپنے عملی زندگی میں ایک کامل مسلمان بن کر زندگی گزاریں ۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایس گذشتہ 25 برسوں سے مسلم سماج کے طلباء کی تعلیمی سطح میں بہتری کے لیے کام کررہا ہے اور یہ اس کا ثمر ہے کہ آج مسلم سماج کے بچے اور بچیاں تعلیمی میدان میں کارہائے نمایاں انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ریاست تلنگانہ کا ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہے جو طلباء کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کی بھی تعلیم فراہم کرتا ہے تاکہ تعلیم حاصل کر کے ایم ایس کے طلباء ملک و قوم کی خدمات انجام دیں اور ایک شہری ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایس مینجمنٹ کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی کہ طلباء کو بہترین سے بہترین اساتذہ اور تمام لازمی انفراسٹرکچر مہیا ہو تاکہ وہ شاندار ریزلٹ حاصل کریں۔