وزیراعلی تلنگانہ چندرشیکھرراو نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ غیر زرعی اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن شفاف انداز میں کرایا جائے۔
یہ ہدایات اس لیے جاری کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی عہدیدار کی جانب سے اختیارات کے غلط استعمال کو روکنے اور رشوت کی ادائیگی کے لئے عوام کو مجبور کئے بغیر انجام دیئے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط، قواعد کو تیار کرتے ہوئے حتمی شکل دیں۔
انہوں نے وزیرتعمیرات وی پرشانت ریڈی کی قیادت میں کابینی ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ غیرزرعی اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن پر رہنمایانہ خطوط کو قطعیت دینے کے سلسلہ میں تمام طبقات سے تبادلہ خیال کیا جاسکے۔
اس کابینی ذیلی کمیٹی میں آئی ٹی کے تارک راماراو، وزیرپنچایت راج ای دیاکر راو، وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ریاستی وزیر سرینواس راو ارکان بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے کابینی ذیلی کمیٹی کو ہدایت دی کہ بلڈرس، رئیل اسٹیٹ کے تاجروں اور سماج کے دیگرطبقات کے ساتھ بات چیت اندرون تین تا 4 دن کی جائے تاکہ حکمت عملی اور ایکشن پلان کی تیاری کے لئے ان کے خیالات پر غور کیا جاسکے۔
کے سی آر نے غیرزرعی اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن پر پرگتی بھون میں جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
جس میں ریاستی وزراء تارک راماراو، محمد محمودعلی، وی پرشانت ریڈی، چیف سکریٹری سومیش کمار، سکریٹریز برائے وزیراعلی شیشادری، سبیتاسبھروال، راج شیکھرریڈی، بھوپال ریڈی، می سیوا کمشنر جی ٹی وینکٹیشورراو، رکن اسمبلی بلکا سمن، رکن کونسل نوین راو اور دوسروں نے شرکت کی۔
راو نے دھرانی پورٹل کے ذریعہ زرعی اراضیات کے رجسٹریشن کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔
انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ کسان دھرانی پورٹل کے ذریعہ اراضیات کا رجسٹریشن کروارہے ہیں۔
آسان اور بغیر کسی رکاوٹ کے دھرانی پورٹل کے ذریعہ زرعی اراضیات کے رجسٹریشن پر کسانوں کے اطمینان پر بھی وزیراعلی نے مسرت کا اظہار کیا۔