حیدرآباد:ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بھونگیر میں جدید عید گاہ کا سنگ بنیاد رکھا اور وقف جائیداوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وقف جائیدادیں اللہ کی امانت ہوتی ہیں، ان میں کسی قسم کی خیانت یا دھاندلی نہیں کی جانی چاہیے، ورنہ اللہ تعالی انہیں دنیا اور آخرت میں ذلیل و خوار کرے گا۔ انہوں نے وقف املاک کے تحفظ اور ترقی کے متعلق کہا کہ وقف املاک کے تنازعات کو فوری حل کرنے کے لیے حکومت تلنگانہ نے "تلنگانہ اسٹیٹ وقف ٹریبونل" تشکیل دیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ غیر مجاز منتقلی کی کوئی گنجائش نہ ر ہے۔
وقف جائیدادوں کے رجسٹریشن یا وقف املاک کے غلط استعمال سے محفوظ رکھنے کیلئے وقف کی ملکیت کو "آٹو لاک" کے تحت رکھا گیا اور ایسی جائیدادوں کے لیے رجسٹریشن ماڈیول کو آن لائن میں غیر فعال کر دیا گیا۔تمام متعلقہ حکام کو وقف املاک میں تعمیرات کے لیے بلڈنگ پرمٹ جاری نہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اضلاع میں "ضلع وقف تحفظ اورکوآرڈینیشن کمیٹی" کا قیام عمل میں لایا۔ اوربطور چیئرمین، ضلع کلکٹر کو مقرر کیا گیا۔
ساتھ ہی ساتھ محکمہ ریونیو، پولیس، میونسپل، رجسٹریشن کے محکمہ جات کے عہدیداران کو وقف کے تحفظ کے لیے ضلعی کمیٹی میں بطور ممبرشامل کیا گیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے تلنگانہ کے اقلیتی برادران کافی خوش ہیں۔ کیونکہ جو ترقی انہیں 65 سال میں میسر نہیں ہوئی وہ پچھلے نو سالوں میں حاصل ہوئی ہے۔مزید کہا کہ بھونگیر میں جدید عیدگاہ کی تعمیر کے لیے طویل عرصے سے کوششیں کی جارہی تھیں جس کو سابقہ حکومتوں نے نظر انداز کردیا، مگر تلنگانہ حکومت نے نہ صرف مسئلہ کو حل کیا بلکہ تعمیر میں بھی سنجیدگی دکھائی۔