حیدرآباد: مرکزی الیکشن کمیشن (ای سی) نے تلنگانہ انتخابات سے قبل ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے رعیتو بندھو اسکیم کی رقم کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کروانے کیلئے دی گئی اجازت سے دستبرداری اختیار کی ہے جس کی اجازت دو دن پہلے کمیشن نے دی تھی۔ اس سلسلہ میں احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انتخابی ادارہ کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایک ریاستی وزیر صحت ہریش راو نے اس اسکیم کے بارے میں کھلے عام اعلان کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
واضح رہے کہ ہریش راو تلنگانہ 2023 کے جاری اسمبلی انتخابات میں سدی پیٹ اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس پارٹی کے امیدوار ہیں۔ پارٹی کے اسٹار پرچارک اور تلنگانہ کے وزیر خزانہ بھی ہیں۔
انتخابی ادارہ نے قبل ازیں اپنے احکام میں تلنگانہ حکومت کو ربیع کی فصل کیلئے اس ماہ کی 28 تاریخ سے پہلے رعیتو بندھو اسکیم کی رقم کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کروانے کی اجازت دی تھی تاہم حکومت کو یہ بھی کمیشن نے ہدایت دی تھی کہ اس کی تشہیر نہ کرے کیونکہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ الیکشن کمیشن نے ریاست کے چیف الکٹورل آفیسر کو اپنے فیصلہ سے واقف کروایا۔
ریاستی وزیر صحت ہریش راو نے ربیع کی فصل کے لئے رعیتو بندھو کی اسکیم کی رقم کی تقسیم کے بارے میں جلسہ میں اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ رقم پیر تک تقسیم کردی جائے گی۔ پچھلے مہینے، حکومت نے ایک مکتوب کمیشن کو تحریر کرتے ہوئے کسانوں کو دی جانے والی اس امداد کو معمول کے مطابق جاری کرنے کی اجازت دینے کی خواہش کی تھی۔