حیدرآباد: تلنگانہ میں اس ماہ کی 30 تاریخ کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جس کے لئے مناسب انتظامات کئے جارہے ہیں۔ دوسری طرف سیاسی جماعتیں لمحہ آخر بھی رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے تمام تر کوششیں کررہی ہیں۔ تلگو ریاست میں انتخابی مہم کا اختتام اس ماہ کی 28 تاریخ کوہو رہا ہے جس کے پیش نظر ہر امیدوار اپنی کامیابی کیلئے پُر امید نظرآرہا ہے۔امیدواروں نے انتخابی مہم میں تیزی پیداکردی ہے، جلسوں، گروپ میٹنگس، کارنر میٹنگس اور رائے دہندوں سے ملاقاتوں کاسلسلہ ہر حلقہ میں جاری ہے۔ قومی جماعتوں بی جے پی اور کانگریس کے لیڈران بھی اس انتخابی مہم کا حصہ جلد ہی بننے جارہے ہیں۔ شمالی ہند کی دیگر ریاستوں میں اس ماہ کی 23 تاریخ کو انتخابات کی تکمیل کے بعد یہ لیڈران جنوبی ہند کی اس ریاست میں آخری تین دن کے دوران شدت کے ساتھ انتخابی مہم چلائیں گے۔ کانگریس کے لیڈران راہل گاندھی، پرینکاگاندھی کے ساتھ ساتھ دیگر قومی لیڈران بھی تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ کانگریس کی لیڈر پرینکا گاندھی جنہوں نے قبل ازیں بھی مہم چلائی تھی، ایک مرتبہ پھر تلنگانہ کا دورہ کرنے والی ہیں۔ وہ اس ماہ کی 24 تاریخ سے 28 تاریخ تک چار دنوں میں 20سے زائد انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گی جبکہ ان کے بھائی راہل گاندھی بھی 24 تاریخ سے ریاست میں قیام کریں گے۔ وہ 26نومبر کو کاماریڈی میں انتخابی مہم سے خطاب کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس نے انتخابی منشور جاری کیا