رمضان المبارک میں شہر حیدرآباد کو اس بات سے بھی انفرادیت حاصل ہے کہ یہاں کے تمام پکوانوں کے ساتھ ساتھ عید الفطر کے موقع پر خاص سیوئیوں کے شیرخرمہ کی تیاری کی جاتی ہے جو عید کے دن ہر گھر کے دسترخوان کی شان ہوتا ہے۔شیر خرمہ کے لئے ہاتھ سے تیار کردہ سیوی کا زیادہ تر انتخاب کیاجا تاہے تاہم اب ہاتھ سے تیار کردہ سیوئیوں کو مشین سے تیار کردہ سیوئیوں سے چیلنج کا سامنا ہے۔ ان سیوئیوں کی خریداری میں اضافہ ہوگیا ہے اور دکانات پر یہ سیوئیاں عید سے پہلے ہی نظر آنے لگی ہیں۔ Eid Festivities in Hyderabad
گھریلوخواتین ان سیوئیوں کے ساتھ ساتھ شیرخرمہ میں ڈالے جانے والے مغزیات کی بھی خریداری کر رہی ہیں لیکن شیرخرمہ کی جان سیوئیاں ہیں۔ہاتھ کی سیوئیوں کی تیار ی میں کئی خاندان جڑے ہیں اور وہ یہ کام کئی نسلوں سے کرتے آرہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے چادر گھاٹ،املی بن، یاقوت پورہ اور دبیرپورہ کے علاقوں میں سیوئیوں کی تیاری کا کام زور وشور سے کیاجاتا ہے۔یہ خاندا ن اب دکانات پر ان سیوئیوں کی سپلائی کا کام شروع کرچکے ہیں۔بعض گھریلوخواتین کا کہنا ہے کہ ہاتھ سے بنائی گئی سیوئیوں سے تیار کردہ شیرخرمہ کی بات کی کچھ اور ہوتی ہے کیونکہ اس طرح کی سیوئیوں سے تیارکردہ شیرخرمہ کا مزا منفرد ہوتا ہے۔
ن ہاتھ سے سیوئیوں کی تیاری کرنے والے بعض خاندانوں نے بتایاکہ ریاست حیدرآباددکن کے وقت سے ہی ان کا خاندان سیوئیوں کی تیاری کے کام سے منسلک ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان سے تین ماہ پہلے اس کی تیاری کی جاتی ہے جبکہ دیگرمہینوں میں وہ پھولوں کی سجاوٹ اور دیگر کام انجام دیتے ہوئے روٹی روزی کا انتظام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے باپ دادا کی یہ نشانی ہے اور اس روایت کو وہ اب آگے بڑھارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ان کی نئی نسل بھی سیوی کی تیاری کاکام کر رہی ہے۔اس طرح کی سیوی تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر، عادل آباد، محبوب نگر سے لوگ آکر لے جاتے ہیں۔بسا اوقات تو طلب اتنی ہوتی ہے کہ اس کے مطابق سپلائی مشکل ہوجاتی ہے۔چین کی سیوی سے ان کی ہاتھ سے تیار کردہ سیوی کو درپیش چیلنج سے متعلق سوال پر ان افراد نے کہاکہ تقریبا12سال پہلے ان کو چین کی سیوی سے کافی چیلنج تھا اور ان کے کاروبار پر اس کا اثر پڑا تھا تاہم جب لوگوں نے یہ محسوس کیا کہ اس غیر ملکی سیوی سے تیارکردہ شیرخرمہ کا مزہ بالکل الگ ہے تو پھر لوگ ان کی ہاتھ سے تیارکردہ سیوی کی طرف آگئے اور اس طرح ان کے کاروبار میں اضافہ ہوگیا۔