تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق و شہری ترقی کے تارک راما راو نے تصدیق کی ہے کہ کورونا کے ٹیکہ کے لئے پورے ملک کی نظر حیدرآباد پر ہے۔انہوں نے آج بھارت بائیوٹیک کمپنی کا دورہ کیا اور ماہرین سے اس دیسی ساختہ ٹیکہ کی تیاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ساتھ ہی ٹیکہ کے انسانوں پر تجربہ کے مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ یہ کمپنی جلد ہی بڑی کامیابی کورونا کے ٹیکہ کے سلسلہ میں حاصل کرے گی۔یہ کامیابی کی خبرحیدرآباد سے ہی آئے گی۔وزیر موصوف نے اس احساس کا اظہارکیا کہ ایک مرتبہ پھربھارت کا ٹیکہ تیار کرنے والا شعبہ ایک مرتبہ پھر اہم رول اس خصوص میں ادا کرے گا اور پوری دنیا میں حیدرآباد کے بنائے ہوئے ٹیکے بھیجے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک فخر کی بات ہے کہ حیدرآباد دنیا کے ایک تہائی ٹیکے تیار کرتا ہے اور یہ ان ماہرین کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا۔