تلنگانہ اردو جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے کووڈ 19 کے سلسلہ میں صحافیوں کو بھی فرنٹ لائن واریئرز کی حیثیت سے تسلیم کئے جانے اور صحافیوں کے لیے نہ صرف شہر کے مختلف مقامات پر بلکہ اضلاع میں بھی دو روزہ ویکسینیشن سنٹرز میں ٹیکہ اندازی کا اہتمام کئے جانے کو قابل تحسین قرار دیا۔ ایسوسی ایشن نے مزید مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے ساتھ ساتھ ان کے ارکان خاندان کو بھی ٹیکوں کا موقع فراہم کرنا چاہئے ورنہ صحافیوں کی ٹیکہ اندازی سودمند نہیں ہوسکتی۔
اس وبا کے پھیلاؤ کوروکنے اپنی جان جوکھم میں ڈال کر دن رات کام کرنے والے صحافیوں کو دی گئی سہولت کا نہ صرف دونوں شہروں بلکہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع کے صحافیوں کی جانب سے خیرمقدم کیا جارہا ہے۔
واضح ہو کہ ریاستی حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے صحافیوں کو فرنٹ لائن واریئرز تسلیم کیا۔ چنانچہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے شناختی مسلمہ کارڈز رکھنے والے صحافیوں کے لیے پریس کلب سوماجی گوڑہ، پریس کلب بشیرباغ، ونستھلی پورم اور ایم سی آر ڈی انسٹی ٹیوٹ جوبلی ہلز کے علاوہ نظامیہ یونانی اسپتال چارمینار پر ٹیکہ اندازی سنٹرس بنائے گئے ہیں۔