حیدرآباد: تلنگانہ میں اس مرتبہ اقتدار حاصل کرنے کے لئے کانگریس نے اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔پارٹی کی طرف سے قومی رہنماوں راہل گاندھی، ملکارجن کھرگے نے پہلے مرحلہ میں انتخابی مہم چلائی۔ علاوہ ازیں پارٹی کے سینئر لیڈران اضلاع میں بڑے پیمانہ پرشدت کے ساتھ مہم چلارہے ہیں۔119رکنی تلنگانہ اسمبلی کے 100حلقوں کیلئے کانگریس نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ پارٹی نے ایک حلقہ سی پی آئی کے لئے چھوڑا ہے جبکہ بقیہ 18حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کا جلد اعلان متوقع ہے۔کوڑنگل اسمبلی حلقہ سے پارٹی کے ریاستی سربراہ ریونت ریڈی مقابلہ کررہے ہیں۔وہ حلقہ کاماریڈی سے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے خلاف بھی امیدوار ہیں۔
وہیں دوسری جانب تلنگانہ کے رنگا ریڈی ضلع کے ابراہیم پٹنم علاقہ میں حکمران جماعت بی آر ایس اور کانگریس کے کارکنوں میں بحث وتکرار اور تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں علاقہ میں کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی۔ اس موقع پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے ان دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو منتشر کردیا۔ ابراہیم پٹنم میں کانگریس اور بی آر ایس کے کارکن اپنی اپنی جماعتوں کے امیدواروں کے حق میں مہم چلارہے تھے۔