حیدرآباد: کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے جمعہ کے روز اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی راجستھان، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ کی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ کھرگے نے حیدرآباد کے علاقے ایل بی نگر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رائے دہندوں پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت کو برخاست کر دیں، "کل راجستھان میں اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹنگ ہوگی، ہم راجستھان میں کامیاب ہور ہے ہیں، ہم چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ میں بھی کامیابی حاصل کررہے ہیں"۔
کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ سکریٹریٹ یا قانون ساز اسمبلی سے نہیں بلکہ فارم ہاؤس میں بیٹھ کر حکومت چلاتے ہیں۔ کانگریس نے مزید کہا کہ ’’کے سی آر غریب لوگوں یا منتخب اراکین اسمبلی سے نہیں ملتے ہیں۔‘‘ کے سی آر پر تلنگانہ کو لوٹنے کا الزام لگاتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اب آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی پر بھی نکتہ چینی کرتے ہیں۔