حیدرآباد:تلنگانہ میں 30 نومبر ہو نے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ انتخابی تشہیر کے درمیان ٹکٹ سے محروم سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اپنی اپنی پارٹیوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ حیدرآباد میں واقع گاندھی بھون کے باہر اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض کانگریس کے حامیوں کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ حیدرآباد میں احتجاج کے دوران کانگریس کے ناراض حامیوں نے پارٹی کا جھنڈا نذرآتش کیا۔
ذرائع کے مطابق کانگریس پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم کے مسلہ پر قائدین میں ناراضگی اور برہمی دیکھی جارہی ہے۔ حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے سابق رکن اسمبلی وشنو وردھن ریڈی کو ٹکٹ نہ دینے پر ان کے حامیوں نے گاندھی بھون پر پھتراو کیا اور کانگریس کے جھنڈے جلا ڈالے۔ اس کے علاوہ ریونت ریڈی کی تصاویر کو پھاڑ دیا۔