حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی نے اسمبلی میں بی آر ایس کے رکن و سابق وزیرتارک راما راو کی تنقید کا جواب دیا۔آج گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے تارک راما راو نے الزام لگایا کہ کانگریس کے قبل ازیں کے دور حکومت میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا اور عوام کو بھوک کے مسائل کا سامنا تھا، نلگنڈہ فلورائیڈ کا شکار تھا اور دیورا کونڈا میں بچوں کی فروخت ہوتی تھی۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے اس پر کہا کہ کانگریس پارٹی نے کے چندر شیکھر راو کو سیاسی موقع دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ان کو یوتھ کانگریس کا صدر بنایا تھا۔ کانگریس نے چندر شیکھر راو کو رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر کے طور پر موقع دیا۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ سابق وزیر تارک راما راو مینجمنٹ کوٹہ کے تحت اسمبلی میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن بی آر ایس ان کے جواب سے بے چین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے ارکان کو یہ کہنا چاہئے کہ ان کے دس سالہ دور میں کیا ہوا؟ انہوں نے ریمارک کیا کہ متحدہ آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی راج شیکھر ریڈی نے ہریش راؤ کو ایم ایل اے کے بغیر وزیر کا عہدہ دیا تھا۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ بعض این آرآئیز کو جمہوریت کا جذبہ سمجھ میں نہیں آتا۔