حیدرآباد: کانگریس قائدین راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی آج بس یاترا کے ساتھ تلنگانہ میں 30 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی مہم کا آغاز کریں گے۔ کانگریس پارٹی کے دونوں رہنما سہ پہر 3:30 بجے خصوصی پرواز سے بیگم پیٹ ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔ اس کے بعد ہیلی کاپٹر سے رامپا مندر کے لیے روانہ ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مندر میں پوجا کرنے کے بعد راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی بس یاترا کا آغاز کریں گے اور بعد میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ اس دوران کانگریس کے دونوں رہنما خواتین سے بھی بات چیت کریں گے۔ ریلی کے بعد پرینکا نئی دہلی لوٹنے والی ہیں جبکہ راہل انتخابی مہم میں مصروف رہیں گے۔ ملوگو کے کانگریس کے رکن اسمبلی دناساری انسویا، جو سیتھاکا کے نام سے مشہور ہیں، نے خبر رساں ایجنسی سے بات کرتےہوئے کہا کہ راہل گاندھی آج رات بھوپال پلی میں قیام کریں گے۔
راہل گاندھی شام 4.30 بجے رامپا مندر پہنچیں گے اور تقریباً 5 بجے ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ کانگریس رکن اسمبلی نے بتایا کہ اس کے بعد بھوپال پلی میں تقریباً 30 کلومیٹر تک بس یاترا ہوگی۔ کانگریس ذرائع کے مطابق 18 اکتوبر سے شروع ہونے والی 3 روزہ بس یاترا آٹھ حلقوں کا احاطہ کرے گی۔ راہل گاندھی سرکاری کانکنی کمپنی کے کارکنوں سے بھی ملاقات کریں گے۔