حیدرآباد: کانگریس لیڈر راہل گاندھی آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ اس دوران راہل گاندھی بس یاترا کے دوسرے مرحلے میں حصہ لیں گے۔ اگرچہ ان کے دورہ کے شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے، لیکن امکان ہے کہ وہ اس مرحلے کے دوران جنوبی تلنگانہ کے اضلاع کا احاطہ کریں گے۔ تلنگانہ میں 30 نومبر کو اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
راہل گاندھی نے اپنی بہن اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ساتھ مل کر 18 اکتوبر کو ملوگو میں ایک جلسہ عام کے ساتھ انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا۔ راہل گاندھی نے 19 اور 20 اکتوبر کو وجے بھیری بس یاترا میں حصہ لیا تھا جس میں شمالی تلنگانہ کے پانچ اضلاع کے مختلف اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا گیا۔
ریاستی پارٹی کے ورکنگ صدر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بس یاترا کا دوسرا مرحلہ 28 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ تاہم کانگریس پارٹی نے ابھی تک شیڈول اور اس بس یاترا میں شرکت کرنے والے رہنماؤں کو حتمی شکل نہیں دی ہے۔ تلنگانہ کے کانگریس انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے، ریاستی یونٹ کے سربراہ اے ریونت ریڈی، ارکان پارلیمنٹ کوماتیریڈی وینکٹ ریڈی اور اتم کمار ریڈی اور دیگر سینئر قائدین 26 اور 27 اکتوبر کو انتخابی مہم چلائیں گے۔ یہ رہنما دن میں دو اسمبلی حلقوں کا دورہ کر کے لوگوں کو پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ چھ ضمانتوں کی وضاحت کریں گے۔