اورنگ آبادسےمجلس کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل اور تلنگانہ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کی تصویر کے سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کےبعدامتیاز جلیل نے اپنے دفاع میں ٹوئیٹر پر وضاحت کی تو کانگریس نے اس تصویر کو دونوں پارٹیوں کے درمیان دوستی کا ثبوت قرار دیا۔
امتیازجلیل اوربنڈی سنجے کی تصویر دوستی کا ثبوت
کانگریس رہنما محمد علی شبیر نے کہاساری دنیا جانتی ہے کہ بی جے پی اور مجلس خفیہ دوست ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ 'آپ دونوں دوستی کی گرمجوشی میں اپنی مسکراہٹ کو نہیں چھپاسکے۔'
سوشیل میڈیا میں وائرل دونوں رہنماوں کی خوشگوار موڈ میں تصویر کی اشاعت کے بعد امتیاز جلیل نے ٹوئیٹر پر وضاحت کی کہ چند دن قبل مرکزی حکومت کی کمیٹی برائے شہری ترقی نے حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے حکومت کی اسکیمات کا جائزہ لیا تھا۔ روایت کے مطابق مقامی رکن پارلیمان کمیٹی کے ہر رکن کو تہنیت پیش کرتے ہیں۔ اسی کے تحت بنڈی سنجے نے ان کی تہنیت کی۔
اسی دوران کانگریس کے سینئر لیڈر محمد علی شبیر نے امتیاز جلیل کے ٹوئیٹ پر جوابی ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر فرضی نہیں ہے۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ بی جے پی اور مجلس خفیہ دوست ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ آپ دونوں دوستی کی گرمجوشی میں اپنی مسکراہٹ کو نہیں چھپاسکے۔ محمد علی شبیر نے لکھا کہ عوام کو بھی آپس میں دوستوں کی طرح رہنے دیں اور اپنی زہر آلود تقریروں سے عوام میں نفرت نہ پھیلائیں۔