کانگریس کے یوم تاسیس پر پارٹی کا پرچم لہرایا گیا اور ملک کے لئے کانگریس اور کانگریس کے رہنماوں کی خدمات کی یاد تازہ کی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے مرکز کی بی جے پی اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دولت اور اقتدار کے بیجا استعمال کے ذریعہ دونوں حکومتیں قائم ہیں۔ آنے والا دور کانگریس پارٹی کا ہے لہذا کارکنوں کو دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کو آزادی دلائی اور علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل بھی کانگریس کا کارنامہ ہے۔ کانگریس نے اقتدار کے لئے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ملک میں ایک طاقتور پارٹی کی حیثیت سے کانگریس عوامی خدمات میں مصروف ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ فرقہ وارانہ مسائل اور عوام کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کیا جارہا ہے۔