تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی رہنماملوبھٹی وکرامارکا نے الزام لگایا ہے کہ تلنگانہ میں صورتحال افسوسناک ہے، اور دلتوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے پولیس سربراہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے دعوی کیا کہ دلتوں پر حملوں کے سلسلہ میں ڈی جی پی سے کی گئی شکایات پر کوئی ردعمل حاصل نہیں ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ دلتوں پر حملوں کے واقعات کی شکایت گورنر سے کریں گے۔ریاست میں کورونا وائرس کے معاملات کے سلسلہ میں میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ، کے سی آر کی زیرقیادت ٹی آرایس حکومت ریاست میں کورونا وائرس کوروکنے میں ناکام رہی اور حکومت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں کورونا کے معاملات ٹاونز سے مواضعات تک پہنچ گئے۔حکومت کو اس مسئلہ کی کوئی پرواہ نہیں ہے کیونکہ اس نے ماضی میں اس طرح کی صورتحال کا کبھی بھی سامنا نہیں کیا۔کانگریس رہنما نے کہا کہ انہوں نے ایسی حکومت نہیں دیکھی جس نے صحت عامہ کے مسائل کو اس طرح نظر انداز کیا ہے۔انہوں نے کانگریس کے رہنماوں کو پابند کرنے کے لئے مرکز کے رہنمایانہ خطوط کے استعمال کاالزام بھی لگایا ۔