نئی دہلی: کانگریس تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست میں ایک زبردست انتخابی مہم چلانے کا منصوبہ بنارہی ہے ، اسی ضمن میں کانگریس خواتین، کسانوں اور دلتوں کے لیے الگ الگ منشور کا اعلان کرنے کے لیے اگست میں پارٹی چیف ملکارجن کھڑگے اور سینئر لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا کی میزبانی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔منشور کا اعلان ہونے کے بعد ہی ریاست کے سینئر قائدین ایکتا بس یاترا نکالیں گے اور ستمبر میں پارٹی کے وعدوں کو عام ووٹروں کے درمیان پہنچائیں گے۔
تلنگانہ کے اے آئی سی سی انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے نے بتایا کہ 'ہم اس ماہ کسانوں، دلتوں اور خواتین پر منشور جاری کرنے کے لیے کھڑگے جی، پرینکا جی اور راہل جی کو مدعو کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ پرینکا جی کا 30 جولائی کو دورہ کرنا تھا لیکن بارش کی وجہ سے وہ پروگرام ملتوی کر دیا گیا، اب ان کی ریلی کی نئی تاریخوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'منشور میں سماج کے مختلف طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے پارٹی کے وعدے شامل ہوں گے۔ اعلانات کے مکمل ہونے کے بعد ریاستی یونٹ کے سربراہ ریونت ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا سمیت سینئر ریاستی قائدین ایک متحدہ ٹیم پیش کرنے اور پارٹی کے وعدوں کو ووٹروں میں پھیلانے کے لیے ریاست بھر میں ایکتا بس یاترا نکالیں گے۔
اے آئی سی سی انچارج نے کہا کہ پرینکا کی ریلی کولہ پور میں پہلے سے طے شدہ طور پر منعقد کی جائے گی، لیکن کھرگے کی ریلی کے مقام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ٹھاکرے کے مطابق پارٹی نے جنوبی ریاست میں بدعنوانی اور ترقی کی کمی کے معاملے پر حکمراں بی آر ایس کو نشانہ بنانے والی مہم پر بھی بات چیت شروع کر دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 'ہمارے لیڈر بی آر ایس حکومت کے دوران ہونے والی بدعنوانی کو بے نقاب کر رہے ہیں اور کس طرح ترقی کی کمی نے نوجوانوں کو متاثر کیا ہے'۔