سائبرآباد پولیس نے اس ایڈوائزری میں عوام، سڑک استعمال کرنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کو مشورہ دیا کہ وہ صبح کی اولین ساعتوں میں سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ سڑکوں پر روشنی کم ہے اور کہر ہے جس کے نتیجہ میں حادثات ہوسکتے ہیں۔
حیدرآباد میں سردی کی لہر، صبح سفرسے گریز کرنے کا مشورہ - موبائل فون کے استعمال سے گریز
حیدرآباد اور اس کے اطراف کے علاقے کہر کی گھنی چادر کی لپیٹ میں ہیں۔ اس کہر کے نتیجہ میں حادثات کا امکان ہے جس کے پیش نظر سائبرآباد پولیس نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ساتھ ہی سورج کی روشنی میں ہی سفر کرنے کو بہتر قرار دیا گیا ہے۔ سائبرآباد پولیس نے کہر میں گاڑیوں کی بیم لائٹس کے استعمال سے بھی گریز کی خواہش کی اور کہا کہ کہر میں ایسی روشنیاں مناسب نہیں ہیں۔ پولیس نے رفتار پر بھی مناسب روک کی ضرورت ظاہر کی اور کہا کہ دیگر گاڑیوں سے فاصلہ بنایا رکھا جائے اور ہنگامی حالات میں بریک لگانے کے لئے گاڑیوں کے درمیان جگہ ہونی چاہئے۔
ہنگامی حالات میں گاڑی کو سڑک کے کنارے لگائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان گاڑیوں سے دوسری گاڑیوں یا پھر پیدل سواروں کو مشکلات نہ ہونے پائیں۔ گاڑی چلانے کے دوران پُرشور موسیقی کو بند کردیں اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔اگر کہر زیادہ ہے تو روشنی کے لئے انتظار کریں۔