حیدرآباد: رام نومی کے دن حیدرآباد کے تاریخی چارمینار علاقہ میں دو گروپوں کے درمیان جھڑپ کی خبر ہے۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی، لیکن معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے از خود نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
چارمینار علاقہ کے ایس ایچ او کے مطابق رام نومی کے دن چار مینار علاقے میں ایک برادری کچھ افراد موٹر سائیکل پر آئے اور انہوں نے دوسری برادری کے لوگوں کے سامنے جاکر مذہبی نعرے بازی شروع کردی اور شور وغل کرنے لگے۔ اسی معاملے کو لے کر دونوں برادریوں میں جھڑپ ہوگئی۔ تاہم اس سے پہلے کہ معاملہ بڑھتا، پولیس نے موقعے پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کر لیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ چارمینار علاقہ کے ایس ایچ او نے بتایا کہ حیدرآباد پولیس کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ساتھ ہی پولیس انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو پرامن طریقے سے مذہبی جلوس نکالنے کا مشورہ دیا گیا۔