حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تلنگانہ میں چندر شیکھر راو حکومت کا زوال شروع ہوگیا ہے اور جلد ہی ریاست میں کنول کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہی ریاست میں حکمراں جماعت بی آر ایس کی متبادل ہے۔ امیت شاہ نے کھمم ضلع میں زعفرانی جماعت کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بی جے پی کی حکمرانی سے عوام خوش ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب یا مستقبل میں بی آر ایس کے ساتھ اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس 4 جی پارٹی (نہرو، اندراگاندھی، راجیوگاندھی اور راہول گاندھی)، بی آر ایس 2 جی پارٹی (کے سی آر اور کے ٹی آر)، مجلس 3 جی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ریاست میں مکمل اکثریت کے ساتھ بی جے پی حکومت کو منتخب کریں گے۔ انہوں نے بی جے پی اور وزیراعلی کے چندر شیکھر راو کی ایک دوسرے کو حمایت سے متعلق صدر کانگریس ملیکارجن کھرگے کے دعوے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس عمر میں جھوٹ نہیں بولنا چاہئے۔ بی جے پی کسی بھی پارٹی کے ساتھ نہیں جائے گی۔ بی جے پی ہی چندر شیکھر راو سے مقابلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کار بی آر ایس کا انتخابی نشان ہے۔ کار بھدراچلم میں آئی تو ضرور ہے لیکن وہ بھدراچلم کی مندر میں نہیں جاسکتی کیوں کہ اس کا اسٹیرنگ مجلس کے ہاتھ میں ہے۔