حیدرآباد:ریاست تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بی آرایس کے کارگذارصدر کے تارک راما راو نے اس یقین کااظہار کیا کہ ان کی پارٹی جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں 90 تا 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اوروزیراعلی کے چندرشیکھرراو جنوبی ہند کی ریاست میں ہیٹ ٹرک بنائیں گے۔
بی آر ایس کے وزیر تارک راما راو نے ٹی آرایس کی بی آرایس میں تبدیلی کے بعد پارٹی کے ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون میں منعقدہ پلینری اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی امیدواروں کی 100نشستوں پر ضمانت ضبط ہوجائے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے ساتھ ساتھ کانگریس کو بھی وزیراعلیٰ کے امیدواروں کا اعلان کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے نام کی تبدیلی کی گئی ہے تاہم پارٹی کا ڈی این اے، ایجنڈا، پارٹی نشان، فلسفہ اور ان کی پارٹی کا لیڈر تبدیل نہیں ہوا ہے۔