حیدرآباد: بی آر ایس سربراہ اور تلنگانہ کے وزیر اعلی کے سی آر نے دعوی کیا کہ 2024 میں ہونے والے عام انتخاب کے بعد مرکز میں بی آر ایس حکومت سازی کرے گی۔ کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کو کہا کہ پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد دلت بندھو اسکیم کو پورے ملک میں نافذ کرے گی۔ دلت بندھو اسکیم کا آغاز 2021 میں گیا گیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت حکومت کی جانب سے درج فہرست ذات کے خاندانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے 100 فیصد گرانٹ کے طور پر 10 لاکھ روپے کی پیشکش کی جاتی ہے۔ براہ راست بینیفٹ ٹرانسفر اسکیم کے تحت دیے گئے فنڈز کو واپس کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
حیدر آباد میں بی آر امبیڈکر کے 125 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی کو مہاراشٹر سے زبردست حمایت مل رہی ہے، جس کے بعد وہ مغربی بنگال، بہار اور اتر پردیش سے اسی طرح کی حمایت کی امید کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں اگلی حکومت ہماری ہوگی، تاہم ہمارے مخالفین کو یہ بات ہضم نہیں ہوسکتی، لیکن انہیں یہ سمجھ لینا چاہے کہ ایک چنگاری روشنی کے لیے کافی ہے۔
آئین ساز با با صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈ کر کے یوم پیدائش پر جمعہ کو امبیڈکر مجسمہ کی نقاب کشائی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کے نافذ ہونے کے 70 سال بعد بھی دلت ملک میں سب سے غریب ہیں جو کہ شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں کبھی شکست تو کبھی فتح کے نشیب و فراز سے گزرتی ہیں،تاہم ملک کے عوام لوگوں کو جیتنا چاہیے۔ راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت نے دلتوں کی ترقی کے لیے گزشتہ 10 سالوں کے دوران (اس سال کے بجٹ سمیت) 1.25 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیے ہیں، جبکہ اس سے قبل کی حکومت نے اتنی ہی مدت میں 16,000 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ درج فہرست ذاتوں کے لیے فلاحی اسکیم کو رواں مالی سال کے دوران 1.25 لاکھ خاندانوں تک بڑھایا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت بننے کے بعد ملک بھر میں ہر سال 25 لاکھ دلت خاندانوں کو دلت بندھو دیا جائے گا۔