حیدرآباد: میدک کے رکن پارلیمنٹ و بی آر ایس کے حلقہ اسمبلی دوباک کے امیدوار کوتہ پربھاکر ریڈی پر انتخابی مہم کے دوران ایک شخص نے چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ دولت آباد منڈل کے سورم پلی گاوں میں پیش آیا۔ پربھاکر ریڈی کو فوری طور پرعلاج کے لئے گجویل کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسی دوران حملہ آور پر رکن پارلیمنٹ کے حامیوں، بی آر ایس کے کارکنوں اور ہجوم نے حملہ کردیا۔ بعد ازاں حملہ آور کو پولیس کے حوالہ کردیا گیا جس کی شناخت راجو کے طور پر کی گئی ہے۔ اس نے قبل ازیں مقامی نیوز ایپ کے لئے رپورٹر کے طور پر کام کیا تھا۔
وزیراعلی تلنگانہ چندر شیکھر راو نے دوباک کے بی آر ایس امیدوار پربھاکر ریڈی پر انتخابی مہم کے دوران حملہ کرتے ہوئے ان کی جان لینے کی کوشش کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے حملوں کی جمہوری سماج میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے انتخابات کے ذریعہ عوام کے خط اعتماد کو حاصل کرنے کے بجائے سیاسی مقاصد کے لئے تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہریوں‘ بی آر ایس لیڈروں اور پارٹی ارکان پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران چوکس رہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس لیڈروں اور کارکنوں پر کسی بھی قسم کے حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔