حیدرآباد: حیدرآباد میں بدھ کے روز ایک ٹیلی ویژن چینل پر براہ راست انتخابی بحث تشدد میں تبدیل ہوگئی۔ چینل پر بحث کے دوران بی آر ایس کے رکن اسمبلی کے پی وویکانند نے بی جے پی امیدوار کے سری سائلم گوڈ پر حملہ کیا۔ گریٹر حیدرآباد کے قطب اللہ پور حلقہ سے بھارتیہ راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے رکن اسمبلی نے کچھ توہین آمیز تبصرے کرنے کے بعد بے قابو ہوگئے اور بی جے پی امیدوار کا گلہ پکڑ لیا۔
بی جے پی امیدوار گوڈ نے انہیں زمین پر قبضہ کرنے والا کہنے پر بی آر ایس رکن اسمبلی شدید برہم ہوگئے۔ اسی معاملے پر گرما گرم بحث ہوئی اور جب بی جے پی امیدوار نے کچھ تبصرہ کیا تو وویکانند ان کی جانب بڑھے اور انہیں گلے سے پکڑ کر دھکیل دیا۔ شو کے میزبان اور پولیس نے مداخلت کرکے دونوں رہنماؤں کو الگ کردیا۔ اس واقعہ سے مکمل افراتفری مچ گئی کیونکہ وہاں موجود دونوں رہنماؤں کے حامیوں نے رکاوٹیں توڑ دیں اور کرسیاں پھینک کر ڈائس کی طرف بڑھ گئے۔
پولیس کو اس کشیدہ صورتحال پر قابو پانے میں مشکل پیش آئی کیونکہ دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ایک تلگو ٹیلی ویژن چینل نے انتخابی حلقہ میں اہم حریفوں کے درمیان مباحثے کا اہتمام کیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ بی جے پی نے اپنے امیداور پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ بی آر ایس انتخابات میں شکست کے خوف بوکھلاہت کا شکار ہوگئی ہے۔