حیدرآباد: بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے اعلان کیا ہے کہ تلنگانہ کے انتخابات بی جے پی اور خاندانی جماعتوں کے درمیان ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے نارائن پیٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دعوی کیا کہ بی جے پی تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی کو چیلنج کررہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ترقی کے لئے وزیراعظم مودی کی جانب سے منطوری فنڈس کا غلط استعمال کیا گیا۔ وزیراعلی چندر شیکھر راو کا خاندان فنڈس کو عوام تک پہنچنے کو یقینی نہیں بنارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راو زیر قیادت بی آر ایس حکومت ڈیزل اور پٹرول پر ویاٹ میں کمی کرتے ہوئے عوام کو فائدہ پہنچانا نہیں چاہتی۔ اس کے ذریعہ ریاست میں سب سے زیادہ افراط زر ہوگئی ہے۔ انہوں نے ریاست کی حکمراں جماعت بی آر ایس کو ”بھرشٹاچار سمیتی“ قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ کالیشورم پراجکٹ چندر شیکھر راو کے لئے اے ٹی ایم بن گیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے برسراقتدار آنے پر چندر شیکھر راو کی مبینہ رشوت خوری کی تحقیقات کروانے کا وعدہ کیا اور خاطیوں کو جیل بھیجنے پر بھی زور دیا۔