کورونا وبا سے متاثر یہ شخص یکم جون سے لاپتہ ہوگیا تھا۔ یہ لاش اب گاندھی اسپتال کے مردہ خانہ میں پائی گئی۔
حیدرآباد پولیس اور اس شخص کے خاندان کی 20 دنوں کی تلاش کے بعد ہی اس لاش کا پتہ چلا۔ اس 29 سالہ شخص کو کوویڈ19 کی علامات کے بعد 29 مئی کو گاندھی ہسپتال میں داخل کروایاگیا تھا۔ اس کے خاندان کے مطابق یہ شخص 31 مئی تک ان سے رابطہ میں تھا۔ یکم جون کو اس کے خاندان کا اس سے رابطہ ٹوٹ گیا جس کے بعد یہ خاندان پولیس سے رجوع ہوا۔
اس کے خاندان نے بتایا کہ ہسپتال کے اہلکاروں نے ان سے کسی بھی قسم کا تعاون نہیں کیا جس کے بعد بالاخر اس کے خاندان نے اس کو تلاش کرنے کا فیصلہ کرلیا اور یہ تلاش تقریبا ایک ہفتہ تک جاری رہی۔
6 جون کو اس شخص کی ماں منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوئی اور اس کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کروائی۔ گاندھی ہسپتال میں داخل ہونے سے پہلے اس کا علاج 29 مئی کو عثمانیہ اسپتال اور کنگ کوٹھی اسپتال میں کیاگیا تھا۔ اس میں کوویڈ19 کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اس کو گاندھی ہسپتال متنقل کیاگیا تھا۔
ابتدا میں گاندھی اسپتال کے حکام نے اس کو اسپتال میں داخل کرنے کی تردید کی جس کے بعد پولیس نے کنگ کوٹھی اسپتال کے اسٹاف اور ایمبولنس ڈرائیور سے اس تعلق سے بات کی۔ ایمبولنس سے کنگ کوٹھی اسپتال سے اس کو گاندھی ہسپتال منتقل کیاگیا تھا۔ یہ منتقلی 30 مئی کو گاندھی اسپتال کے ایمرجنسی شعبہ میں کروائی گئی تھی۔ اس شخص کے خاندان نے دعوی کیا کہ 31 مئی تک ان کا رابطہ اس شخص سے رہا جس کے بعد اس کو گاندھی اسپتال منتقل کردیا گیا۔