حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت بی آرایس کے کارگزار صدر و وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے گیس سلنڈرس کی قیمتوں میں اضافہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت نے ایل پی جی کے دام ٹریپل کردیے۔ سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر سرگرم تارک راما راو نے این ڈی اے حکومت کو طنزیہ طورپر این پی اے حکومت کہتے ہوئے کہا 'ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں کو کامیابی کے ساتھ ٹریپل کرنے پرڈبل انجن کی حکومت کو مبارک ہو۔“۔ بی آرایس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طورپر اضافی قیمتوں کو واپس لے۔ تارک راما راو نے پارٹی کے رکن و ان کے حامی پی وشویشورریڈی کے ٹوئیٹ کو بھی ٹیگ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں مودی حکومت نے گھریلوپکوان گیس سلنڈرس کی قیمت میں 53فیصد کا اضافہ کیا ہے۔سال 2014سے گھریلو پکوان گیس سلنڈرس کی قیمت میں 169فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر، امیرترین بن رہے ہیں تاہم ان کے ٹیکس کی شرح میں کمی ہورہی ہے۔غریب، غریب ترین بن رہے ہیں تاہم ان کے ٹیکس میں اضافہ ہورہا ہے۔
ادھر کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے کو لے کر مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت عوام کے جیب کو کاٹ کر دوستوں میں دے رہی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ '2014 میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 410 روپے اور سبسڈی 827 روپے تھی۔ بی جے پی حکومت میں 2023 میں قیمت 1103 روپے ہے اور سبسڈی صفر ہے۔ کانگریس کے دور میں جہاں سبسڈی سے راحت ملتی تھی، دوستوں کے عہد میں تو عوام کی جیب کاٹ کر ملک کی دولت 'دوست' میں بانٹی جارہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 50 روپے اضافہ تو وہیں کامرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 350.50 روپے فی سلنڈر کا اضافہ کیا گیا۔ جس پر اپوزیشن پارٹیوں نے مرکزی حکومت کو تینقید کا نشانہ بنایا۔