حیدرآباد: وزیراعظم نریندر مودی نے دعوی کیا ہے کہ بی جے پی تلنگانہ کو بی آر ایس کے پنجوں سے نکالے گی۔ ان کی پارٹی رشوت خور حکمراں جماعت کے لیڈروں کو جیل بھیجے گی۔ انہوں نے محبوب آباد اور کریم نگر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی چندرشیکھرراو کے گھپلوں کی بی جے پی حکومت تحقیقات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے غریبوں اور نوجوانوں سے دغابازی کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
تلنگانہ کے عوام نے پہلے ہی کے سی آر کو حکومت سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کانگریس اور بی آر ایس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ تلنگانہ کو برباد کرنے میں یہ دونوں جماعتیں مساوی طور پر ذمہ دار ہیں۔ تلنگانہ کا بی جے پی پر بھروسہ ہے۔ چندرشیکھرراو تلنگانہ کی روایت اور ٹکنالوجی کی شناخت کو برباد کر رہے ہیں۔ رشوت خوری‘مافیا کی حکمرانی اور اوہام پرستی سے تلنگانہ کو پاک کرنے کی ذمہ داری بی جے پی کی ہے۔ بی آر ایس اور کانگریس اس کار میں ہیں جس کا اسٹیرنگ کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے۔ دلتوں‘ایس ٹیز اور اوبی سیز کو نظرانداز کرنے کے لئے بی آر ایس۔ کانگریس ذمہ دار ہے۔