حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ چندر شیکھر راؤ اب سابق چیف منسٹر کے طور پر جانے جائیں گے۔ لیکن کے سی آر اس الیکشن میں دو سیٹوں سے الیکشن لڑ رہے تھے، جس میں کاماریڈی حلقہ زیادہ زیر بحث ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں سے کانگریس پارٹی نے وزیر اعلیٰ کے ممکنہ امیدوار اور ریاستی کانگریس کے سربراہ ریونت ریڈی بھی لڑ رہے تھے۔
لیکن یہ دونوں تجربہ کار لیڈر کاماریڈی حلقہ میں بی جے پی امیدوار وینکٹا رمنا ریڈی سے ہار گئے۔ وینکٹا رمنا نے چندر شیکھر راؤ کو 6741 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔بی جے پی امیدوار نے 66,652 ووٹ حاصل کیے جب کہ کے سی آر کو 59,911 ووٹ اور ریونتھ ریڈی کو 54916 ووٹ ملے۔ صبح سے گنتی شروع ہونے کے بعد سے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے گئے۔ ابتدا میں بی جے پی امیدوار نے برتری حاصل کی تھی۔ اس کے بعد ریونت ریڈی آگے رہے۔ کے سی آر بھی کچھ راؤنڈ میں آگے تھے۔ لیکن جب ووٹوں کی گنتی ختم ہوئی تو بی جے پی کے وینکٹا رمنا ریڈی ڈرامائی انداز میں جیت گئے۔