حیدرآباد: بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے راموجی گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین راموجی راؤ سے راموجی فلم سٹی میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وہ گذشتہ روز حیدرآباد آئے تھے۔ جے پی نڈا نے ایکس پلیٹ فارم پر اس میٹنگ سے متعلق معلومات اور تصاویر شیئر کی ہیں۔ جے پی نڈا نے کہا کہ راموجی راؤ ایک وژنری ہیں اور میڈیا اور سنیما کے شعبوں میں ان کا کام متاثر کن ہے۔ اس ملاقات کے دوران سابق مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر بھی نڈا کے ساتھ موجود تھے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک میں اقتدار کھو دیا ہے، تلنگانہ میں اقتدار اور اثر و رسوخ حاصل کرنے کے لیے بی جے پی سخت محنت کر رہی ہے۔ وزیراعظم مودی سمیت بی جے پی کے بڑے رہنما تلنگانہ کا دورہ کررہے ہیں اور عوامی ریلیوں سے خطاب کررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں جے پی نڈا نے جمعہ کو گھٹکیسر کے وی بی آئی ٹی انجینئرنگ کالج میں منعقدہ بی جے پی کی ریاستی کونسل کی میٹنگ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور بی جے پی کے رہنماؤں، کارکنوں کو اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مختلف ہدایات دی۔ انہوں نے بی جے پی کے نو سالہ دور حکومت میں وزیر اعظم مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں لوگوں کو سمجھانے اور انہیں واقف کروانے کا مشورہ دیا۔