حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راو نے کہا کہ ضلع کھمم میں بی آر ایس کے جلسہ کے ذریعہ وزیراعلی کے چندر شیکھرراو قومی سیاست کو نئی سمت دکھائیں گے۔ ٹی آر ایس کی بی آر ایس میں تبدیلی کے بعد پہلی مرتبہ یہ جلسہ منعقد کیا جارہا ہے جس کے ذریعہ وزیراعلی قومی سیاست کے مشن کی شروعات کرنے جارہے ہیں۔ وزیر صحت نے اس جلسہ کے انتظامات کا وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار اور ایم ایل سی ٹی ناگیشور راو کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچ کر جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی نظریں کھمم پر ہیں، اس سے ملک کی سیاست میں بڑی تبدیلی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس تمام ریاستوں میں مقابلہ کرے گی۔وزیر موصوف نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر 3 ایسے قانون لانے پر تنقید کی جو کسانوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کسی بھی طبقہ کی بہتری کے اقدامات نہیں کر رہی ہے، متبادل طاقت کے طور پر کانگریس پر عوام کا اعتماد کم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی بیشتر اسکیمات ملک کے لئے ایک مثال بن گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی لیڈران قومی سیاست میں ایک نیا باب لکھنے کے لئے تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے ذریعہ شروع کی گئی بی آر ایس پارٹی کی حمایت کررہے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد کو کل کھمم میں ہونے والے ایک بہت بڑے جلسہ عام کے پلیٹ فارم کے طور پر دکھایا جائے گا۔ چندرشیکھر راو کی دعوت پر تین ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اس جلسہ میں شرکت کریں گے۔