حیدرآباد:مجلس اتحادالمسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کانگریس کی چھ ضمانتوں کے لئے عوام سے وصول کی جانے والی درخواستوں کو اردو زبان میں جاری کریں۔ تاکہ اردو داں طبقہ کو سہولت ہوسکے۔ ایکس پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے بیرسٹر اسدالدین اویسی نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ درخواست فارم کے نمونے کی کاپی کو پوسٹ کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور چیف سیکریٹری شانتی کماری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اردو زبان میں بھی درخواست فارم جاری کریں۔
واضح رہے کہ کانگریس حکومت نے انتخابات میں عوام سے جن چھ ضمانتوں کا وعدہ کیا تھا ان ضمانتوں پر عمل آوری کے لیے 28 دسمبر سے چھ جنوری تک اہل افراد سے درخواست حاصل کرنے والی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت نے تلگو زبان میں درخواست تیار کیا ہے جس کی کاپی کو پوسٹ کرتے ہوئے بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اردو زبان میں بھی درخواست فارم جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح ہو کہ اس سے قبل کرناٹک کا حوالہ دیتے ہوئے، کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے کانگریس پر الزام عائد کیا تھا کہ انتخابات کے وقت عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوئے۔ اویسی نے کہا تھا کہ قومی پارٹی کی جانب سے بار بار یہ کہا جارہا ہے کہ اگر تلنگانہ میں وہ اقتدار میں آتی ہے تو وہ اپنے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنائے گی جبکہ کانگریس عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔