حیدرآباد: ملک کی تمام ریاستوں کی طرح تلنگانہ میں بھی یونیفارم سول کوڈ کو لے کر ہنگامہ شروع ہو چکاہے۔ ملی اور سیاسی رہنماوں کی جانب سے یونیفارم سول کوڈ کے سلسلے میں ردعمل اظہار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد میں واقع کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ہیڈ کوارٹر دارالسلام میں بیرسٹر اسد الدین اویسی نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر یکساں سول کوڈ ملک میں نافذ ہوتا ہے تو نا صرف مسلمان بلکہ دیگر مذاہب کے لوگوں کے لئے بھی نقصان دہ ہے ۔اس سے زیادہ نقصان ملک کو ہوگا۔
اویسی نے کہا کہ لا کمیشن کو پارٹی نے اپنے موقف سے واقف کرواتے ہوئے مکتوب روانہ کیا ہے۔ یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے سے تمام مذاہب کو نقصان پہنچے گا، جس میں آدی واسی، ہندو، مسلم، سکھ، جین، ایس سی، ایس ٹی و دیگر طبقات کو نقصان ہوگا۔ وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے اسدالدین اویسی نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ایک گھر میں دو قانون کیسے رہ سکتے ہیں۔