حیدرآباد: آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے مارگدرسی چٹ فنڈ پرائیویٹ لمیٹڈ (ایم سی ایف پی ایل) کے چیئرمین راموجی راؤ اور منیجنگ ڈائرکٹر سلجا کرن کے خلاف اے پی سی آئی ڈی کے ذریعہ درج کیس کی کارروائی پر آٹھ ہفتوں کے لیے روک لگا دی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریاستی سی آئی ڈی کے دائرہ اختیار سے متعلق سخت ریمارکس کئے۔ قبل ازیں جی یوری ریڈی کی شکایت کی بنیاد پر جعلسازی کے ذریعے حصص کی منتقلی کا الزام لگایا گیا تھا۔ عدالت نے بدھ کو سی آئی ڈی اور شکایت کنندہ یوری ریڈی کو نوٹس جاری کیا اور جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت کو 6 دسمبر تک کےلئے ملتوی کردیا۔ سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے سی آئی ڈی کے طرز عمل کے بارے میں کئی سوالات پوچھے اور اس معاملے میں اس کے دائرہ اختیار پر سخت اعتراض کیا۔
عدالت نے اے پی سی آئی ڈی سے کیس درج کرنے کے لیے اس کے دائرہ اختیار سے متعلق سوال کئے جبکہ شکایت کنندہ کے مطابق یہ واقعہ حیدرآباد میں پیش آیا۔ یوری ریڈی نے سی آئی ڈی کو دی گئی شکایت میں کہا ہے کہ اس نے حصص کی منتقلی پر دستخط کیے تھے۔ عدالت نے پوچھا کہ "مثال کے طور پر، اگر زیورات حیدرآباد میں خریدے جاتے ہیں اور وہ وہاں چوری ہو جاتے ہیں.. اس بنیاد پر وجئے واڑہ میں مقدمہ درج کرنا کس طرح جائز ہے کہ زیورات وجئے واڑہ میں کمائی گئی رقم سے خریدے گئے تھے؟" ان عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہائی کورٹ کے جج جسٹس بی وی ایل این چکرورتی نے بدھ کے روز ایک عبوری حکم دیا، جس میں سی آئی ڈی کے ذریعے درج مقدمے کی مزید کارروائی کو 8 ہفتوں کے لیے معطل کر دیا۔ منگل گری سی آئی ڈی پولیس نے 13 اکتوبر کو مارگدرسی چٹ فنڈ کے چیرمین راموجی راؤ اور ایم ڈی شیلجا کرن کے خلاف یوری ریڈی کی دی گئی شکایت کی بنیاد پر اپنے والد جی جگنا ناتھ ریڈی (جی جے ریڈی) سے رجسٹرڈ 288 شیئرس کو مبینہ طور پر مارگدرسی کے ایم ڈی کو منتقل کرنے کے معاملہ میں مقدمہ درج کیا۔