حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 27 اکتوبر کو سوریہ پیٹ میں بی جے پی کے جلسہ سے خطاب کریں گے۔اس جلسہ کے انتظامات میں پارٹی لیڈران مصروف ہیں۔ اتر پردیش کے وزیراعلی آدتیہ ناتھ اس مہینے کی 31 تاریخ کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے جبکہ آسام کے وزیر اعلیٰ بھی 28 اور 29 کو ریاست کا دورہ کریں گے۔ تلنگانہ میں انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد امیت شاہ کا ریاست کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ انہوں نے قبل ازیں عادل آباد ضلع کا دورہ کیا تھا۔
اسی دوران بی جے پی نے تلنگانہ میں 30 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے 52 امیدواروں کی پہلی فہرست کا اعلان کیا تھا، اب اس کی توجہ دوسری فہرست پر ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کے سربراہ کشن ریڈی نے واضح کیا کہ دوسری فہرست اگلے دو تین دنوں میں جاری کی جائے گی۔ بی جے پی اپنی پہلی فہرست میں پارٹی سے معطل کردہ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی معطلی کو ختم کرتے ہوئے انہیں حلقہ اسمبلی گوشہ محل سے دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ راجہ سنگھ کو گذشتہ سال پیغمبر اسلام ﷺ کی توہین کرنے پر پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا جبکہ راجہ سنگھ کے خلاف شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے تھے اور انہیں اس کے فورا بعد گرفتار کرلیا گیا تھا۔