حیدرآباد: حیدرآباد کے حکیم پیٹ میں سی آئی ایس ایف کی یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ 'وزیراعظم مودی نے 5ٹریلین ڈالر کی معیشت کے ویژن کی تجویز پیش کی ہے جس کے لئے بندرگاہوں، ایرپورٹس کا تحفظ کافی اہم ہے۔ سی آئی ایس ایف ان بندرگاہوں، ایرپورٹس کے تحفظ کا کام گذشتہ 53برس سے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ تمام ٹکنالوجیز کے ساتھ سی آئی ایس ایف کو مستحکم کرے گی تاکہ بندرگاہوں، ایرپورٹس وغیرہ کا تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'کئی سی آئی ایس ایف ملازمین فرائض انجام دیتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔ نکسلائٹس اور عسکری سرگرمیاں سی آئی ایس ایف کی وجہ سے قابو میں ہے۔ سی آئی ایس ایف کی یہ تقریب دہلی سے باہر پہلی مرتبہ منعقد کی گئی۔
امت شاہ نے تقریب کی صدارت کی اور سی آئی ایس ایف کی پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ شاہ نے کہا کہ سی آئی ایس ایف میں ہائبرڈ ماڈل کو متعارف کراتے ہوئے فورس کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔ پچھلے چند برسوں میں جموں و کشمیر میں دہشت گردی، شمال مشرقی ریاستوں میں دراندازی اور بائیں بازو کے تشدد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ آنے والے دنوں میں حکومت دہشت گردی کو قطعی برداشت نہیں کرے گی اور ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانے والی قوتوں سے سختی سے نمٹے گی، جس میں سی آئی ایس ایف اہم کردار ادا کرے گی۔ امت شاہ نے کہا کہ 'سی آئی ایس ایف کے پاس صنعتی اور سیکوریٹی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ منشیات اور دراندازی کو قابو میں کرنے درپیش چیلنجوں کا مؤثر طریقہ سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔'