حیدرآباد:کووڈ 19 کے معاملات میں اضافہ کے درمیان حیدرآباد میں کل ہند صنعتی نمائش جاری ہے۔ اس نمائش کا یکم جنوری کو وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی نے افتتاح کیا تھا۔ ریاستی وزیر و نمائش سوسائٹی کے صدرسریدھر بابو نے کہا کہ نمائش میں آنے والوں کے لئے کوویڈ سے بچاؤ کے لئے ماسک کا استعمال اور کووڈ کے اصولوں پر عمل ضروری ہے۔ 1938 سے نمائش کا یہ سلسلہ جاری ہے جو ہر سال حیدرآباد میں منعقد کی جاتی ہے۔ اس صنعتی نمائش میں کشمیر سے کنیاکماری تک صنعت کار اور تاجر اپنی مصنوعات کے اسٹالس لگاتے ہیں۔نمائش کے آغاز پر عوام کا ہجوم کم دیکھا جا رہا ہے۔ اس نمائش کو دیکھنے اور خریداری کیلئے آنے والے افراد کیلئے بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ نمائش حیدرآباد کی ثقافت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
تیلگو ریاستوں کی مصنوعات کے علاوہ مہاراشٹر، تمل ناڈو، جموں و کشمیر، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں کے دو ہزار سے زائد اسٹالز نمائش میں لگائے گئے ہیں۔ نمائش میں آنے والوں کے لیے مفت پارکنگ کی سہولت اور میڈیکل کیمپ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہزاروں اسٹالز اور لاکھوں کے مجمع سے نمایش میں ماضی کی طرح ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ آگ بجھانے کی سہولیات ہر جگہ مہیا کی جا رہی ہیں۔