حیدرآباد: تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ جانے والے تمام حجاج کرام کا 2023 کا حج کا سفر کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے اور ہر حاجی بحفاظت اپنے گھر کو لوٹ گیا ہے۔ تلنگانہ کے حجاج کرام کی آخری کھیپ مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچی، جب کہ 20 حیدرآبادی حجاج کرام جو بنگلور سے روانہ ہوئے تھے وہ بھی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
تلنگانہ حج کمیٹی کے چیئرمین محمد سلیم نے اعلان کیا کہ کمیٹی کے ذریعہ بھیجے گئے کل 5583 حجاج کرام نے کامیابی کے ساتھ اپنا سفر حج مکمل کیا۔ تاہم بتایا گیا کہ تلنگانہ کے پانچ عازمین حج کی ادائیگی کے بعد سعودی عرب میں انتقال کر گئے اور ان کی تدفین وہیں عمل میں آئی۔
تلنگانہ کے حجاج کرام کے لیے حج کا سفر حیدرآباد ایمبرکیشن پوائنٹ سے شروع ہوا، اور کل 7,040 عازمین روانہ ہوئے، جن میں کرناٹک سے 867، مہاراشٹر کے 528، آندھرا پردیش سے 49، بہار سے تین، چھتیس گڑھ کے سات، جھارکھنڈ کے دو، اور تمل ناڈو سے ایک حاجی شامل ہے۔ حجاج کرام نے وستارا ایئر لائنز کی طرف سے چلائی جانے والی 47 خصوصی پروازوں کے ذریعے جدہ کے لیے اپنے سفر کا آغاز کیا۔
اپنے حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام مدینہ منورہ میں آٹھ دن ٹھہرے، اور واپسی کا سفر 15 جولائی سے شروع ہوا۔ حجاج کرام کا آخری قافلہ 30 جولائی کی رات حیدرآباد پہنچا، اس سال کے حج آپریشنز کے اختتام کے موقع پر ہوائی اڈے پر ہر حاجی کو زم زم کے پانی کا 5 لیٹر کین ایک یادگار کے طور پر دیا گیا۔
مزید پڑھیں:مدھیہ پردیش کے حجاج کرام کی واپسی
Haj 2023 تلنگانہ کے حجاج کرام کی وطن واپسی - haj committee of india
ملک بھر میں مختلف ریاستوں میں حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ تقریبا ختم ہوچکا ہے تمام تر حجاج کرام وطن واپس آچکے ہیں۔ Haj 2023
حج کمیٹی نے کہا کہ تلنگانہ کے حج کیمپ کو ملک کا مثالی حج کیمپ مانا جاتا ہے جو عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔ تلنگانہ کے عازمین کے لیے حج کا عمل 7 جون سے 22 جون تک جاری رہا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو کل 8,659 درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور اس سال کے حج کے لیے 5,278 عازمین کا کوٹہ کامیابی کے ساتھ مختص کیا گیا تھا۔ حکومت سعودی عرب اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج کمیٹی آف انڈیا نے حج کے سفر کے دوران حجاج کرام کے لیے موثر انتظامات اور بغیر کسی رکاوٹ کے تجربات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔