حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس کے لیے پروٹیم اسپیکر کے طور پر کون کام کرے گا اس پر بحث ختم ہوگئی ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے رہنما اکبر الدین اویسی کو پروٹیم اسپیکر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ وہ ہفتہ کی صبح 8.30 بجے حلف لیں گے۔ راج بھون میں اکبر الدین اویسی کو گورنر تمیلی ثائی سوندرا راجن حلف دلائیں گی۔ پروٹیم اسپیکر کو نئے اسپیکر کے انتخاب تک عہدہ سنبھالنا ہوتا ہے۔ اکبر الدین اویسی چھ بار قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔
ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کے تناظر میں قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس میں پروٹیم اسپیکر کے طور پر کس کا انتخاب ہوگا اس پر تجسس برقرار تھا تاہم اب حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اکبرالدین اویسی کو پروٹیم اسپیکر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے جس کے بعد تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا۔ عام طور پر تمام ارکان میں سب سے زیادہ مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والے رہنما کو پروٹیم اسپیکر مقرر کیا جاتا ہے۔