حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے لوک سبھا میں بہوجن سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ دانش علی کے خلاف بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کے انتہائی اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ ریمارکس پر بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے اتوار کو کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پارلیمنٹ میں مسمان کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رکن پارلیمنٹ اپنے پارلیمانی حلقہ حیدرآباد میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔
صدر مجلس اسد الدین اویسی نے کہا کہ "ہم دیکھ رہے ہیں کہ بی جے پی کا ایک رکن پارلیمنٹ، بھری پارلیمنٹ میں ایک مسلم رکن پارلیمنٹ کو گالی دیتا ہے، لوگ کہہ رہے ہیں کہ اسے پارلیمنٹ میں یہ سب نہیں کہنا چاہیے تھا، وہ کہہ رہے ہیں کہ اس کی زبان خراب تھی، یہ ان لوگوں کا نمائندہ ہے جسے آپ نے ووٹ دیا ہے، وہ دن دور نہیں جب ملک کی پارلیمنٹ میں ایک مسلمان کا ہجومی تشدد ہو گا"۔
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رکن پارلیمنٹ دانش علی کے خلاف رمیش بدھوری کے انتہائی اشتعال انگیز ریمارکس کے باعث تنازع پیدا ہوگیا ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفی دینے کے بارے میں غور کرسکتے ہیں۔