حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی انتخابات 2023 کے پیش نظر کانگریس کی ریلیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں راہل گاندھی کی آج دو ریلیاں ہیں۔ بھوپال پلی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے پی ایم مودی، سی ایم کے سی آر اور اویسی پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے سی آر انتخابات ہارنے والے ہیں۔ یہاں لڑائی راجا اور پرجا کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ یہاں عوامی حکمرانی چاہتے تھے لیکن یہاں صرف ایک خاندان کا راج ہے۔
بھوپال پلی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ تلنگانہ میں ملک میں سب سے زیادہ بدعنوانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی، بی آر ایس اور اے آئی ایم آئی ایم کی ایک دوسرے کے ساتھ ملی بھگت ہے۔ تلنگانہ کے وزیر اعلی کو نشانہ بناتے ہوئے راہل نے کہا کہ سی بی آئی یا ای ڈی ان کے پیچھے کیوں نہیں ہے۔ ان دنوں ای ڈی کو لے کر سیاست کافی گرم ہوتی جارہی ہے۔ کانگریس سمیت اپوزیشن پارٹیوں کا کہنا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جان بوجھ کر اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
آپ کو بتا دیں، تلنگانہ میں 30 نومبر کو اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہونی ہے۔ اس سے قبل، تلنگانہ میں کانگریس یونٹ نے 'X' پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا، 'راہل پارٹی کی طرف سے منعقد تین روزہ 'وجے بھیری یاترا' میں حصہ لیں گے، جو بدھ سے شروع ہو رہی ہے۔ اس دوران راہل کریم نگر کے 'ہاؤسنگ بورڈ سرکل' سے راجیو چوک تک 'پد یاترا' بھی کریں گے اور جہاں وہ شام کو ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔