نئی دہلی: تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات میں پندرہ دن سے بھی کم وقت باقی رہ گئے ہیں۔ اسی دوران کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے ہفتہ کو اداکارہ سے سیاستداں بنی لوک سبھا کی سابق رکن وجے شانتی کو تلنگانہ انتخابی کمیٹی کا چیف کوآرڈینیٹر مقرر کیا۔ وجئے شانتی ایک دن پہلے ہی کانگریس پارٹی میں شامل ہوئی تھی۔
کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ "کانگریس صدر کھرگے نے وجے شانتی کو تلنگانہ کے آئندہ اسمبلی انتخابات 2023 کے لئے تلنگانہ انتخابی کمیٹی کے چیف کوآرڈینیٹر کے طور پر تقرری کی تجویز کو فوری طور پر منظور کر لیا ہے"۔ وجے شانتی نے اسی ہفتے کے شروع میں بی جے پی کو چھوڑ کر جمعہ کو تلنگانہ میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔
واضح رہے کہ 2020 میں بی جے پی میں شامل ہونے والی اداکارہ وجے شانتی نے دو روز قبل اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کے درمیان کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے کی موجودگی میں پارٹی میں واپسی کی تھی۔ وہ بھارت راشٹر سمیتی کی لوک سبھا رکن رہ چکی ہیں۔