حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے کہا ہے کہ ریاست کی حکمران جماعت بی آرایس کی یوم تاسیس کے سلسلہ میں اس ماہ کی 25 تاریخ کو حلقہ واری سطح پر ہونے والے اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ حلقہ کے انچارج کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر گاؤں، میونسپل وارڈ اور ہر ڈویژن میں پارٹی پرچم کو بلند کریں۔
تارک راما راؤ نے پارٹی کے ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ کی 27 تاریخ کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی صدر چندر شیکھر راؤ تلنگانہ بھون میں ایک عام اجلاس منعقد کریں گے۔ اس موقع پر پارٹی پرچم لہرایا جائے گا اور مختلف امور پر قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔