حیدر آباد کے قدیم ترین درسگاہوں میں سے ایک اور گزشتہ ڈیڑھ سو برسوں سے تشنگان علوم کو سیراب کرنے والا غیر معمولی اہمیت کا حامل تعلیمی ادارہ مدرسہ عالیہ مختلف نشیب و فراز کا سفر طے کرتا ہوا اپنے قیام کے ڈیڑھ سو سال مکمل کرنے جارہا ہے۔ اس ممتاز درسگاہ کی بنیاد 1872 میں رکھی گئی تھی۔150 years of Madrasa-I-Aliya
اس پُر مسرت موقع پر ادارہ کے سابق طلبا کی جانب سے مورخہ 18 دسمبر 2022 بروز اتوار صبح دس بجے بشیر باغ علاقہ میں واقع نظام کالج کے روبر واقع عالیہ جونیئر کالج کے وسیع و عریض احاطہ میں ایک پُر وقار تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس پُر مسرت موقع پر سابق طلبا برائے مدرسہ عالیہ کی جانب سے کی جارہی تیاریاں عروج پر ہیں۔ تقریب میں جہاں ایک طرف اس تاریخی ادارہ کے شاندار ماضی پر روشنی ڈالی جائیگی، وہیں موجودہ وقت میں درسگاہ کے تعلیمی نظام پر گفتگو کی جائیگی، اس کے ساتھ ساتھ اس عظیم تعلیمی ادارہ کے مستقبل کے تعلق سے لائحہ عمل بھی پیش کیا جائیگا۔
اس تاریخی درسگاہ کے ڈیڑھ سو سالہ جشن کے موقع پر شرکاء کے روبرو دستاویزی فلم پیش کی جائے گی، جس میں ادارہ کے نظام تعلیم و تربیت سمیت متعدد پہلؤں کو پیش کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ سابق طلبا کی جانب سے عالیہ اسکول کی لائبریری کو بحال کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، جسے مستحسن قدم سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر سابق طلبا کی جانب سے تعلیم گاہ میں گزارے ہوئے خوشگور ایام، دلکش یادیں، انوکھی اور بے مثال کہانیاں، علمی، تحقیقی او ربصیرت افروز گفتگو یا مباحثہ کے لئے ایک خصوصی سیشن کا بھی انعقاد کیا جائیگا۔