حیدرآباد:جنگ زدہ ملک یوکرین میں پھنسے تلنگانہ کے طلبہ میں سے 28 طالبات حیدرآباد واپس آگئیں۔ ممبئی سے یہ طالبات آج صبح حیدرآباد پہنچیں جب کہ آندھراپردیش کے طلبہ، ممبئی سے وجے واڑہ کیلئے روانہ ہوئے۔
شمس آباد ایرپورٹ پر پروٹوکول ٹیم کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا اور گلدستے دیے گئے۔ ان کی یہ فلائٹ صبح 7.30 بجے تلنگانہ کے دارالحکومت پہنچی۔
ایئرپورٹ پر جذباتی مناظردیکھے گئے۔ ان کے والدین اور رشتہ داروں نے ان کو گلے لگاتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ Telangana Students Reached Hyderabad from Ukraine
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے موتی نگرایراگڈہ کی ایم بی بی ایس طالبہ شیلجہ نے کہا کہ دو ہفتے پہلے وہ یوکرین روانہ ہوئی تھی تاہم وہ روس کے یوکرین پر حملہ پر اپنے وطن واپس ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ کئی ہندوستانی طلبہ وہاں پھنس گئے جن کی واپسی کے لئے ہندوستانی سفارت خانہ کوششیں کررہا ہے۔یہ پہلا بیچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو طالبات آج واپس ہوئیں وہ یوکرین کی مغربی سمت تھیں جبکہ یوکرین کے مشرقی زون میں کافی گڑبڑ ہے۔
انہوں نے ان کی محفوظ طورپر واپسی پر وزیراعلی کے چندرشیکھرراو سے اظہار تشکرکیا۔بعض طالبات نے کہا کہ دو تین دن سے غذااورنیند نہ ہونے سے وہ کافی تناو میں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بم گرنے کی آوازیں آرہی تھیں۔
یوکرین میں سفارت خانہ سے فون پر رابطہ کیاگیا جس کے بعد رومانیہ سے ممبئی اور پھر ممبئی سے وہ حیدرآباد واپس ہوئے۔ ایک طالبہ نے کہا کہ مزید تین ہزار طلبہ یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں۔