چنئی: تمل ناڈو کے وزیر وی سینتھل بالاجی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اہلکاروں نے مبینہ منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں علی الصبح پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا تھا۔ اس دوران انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی۔ تفتیشی ایجنسی نے منگل کو ڈی ایم کے لیڈر سے ان کے احاطے میں چھاپہ مار کر پوچھ تاچھ کی۔ اس کے فوراً بعد ای ڈی نے بالاجی کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بدھ کی صبح طبی معائنہ کے لیے چنئی کے اوماندور سرکاری اسپتال منتقل کیا۔
ڈی ایم کے لیڈر کو اسپتال لے جانے کے بعد اسپتال کے باہر زبردست ہنگامہ دیکھنے میں آیا۔ ان کے حامی ای ڈی کی کارروائی کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے اسپتال کے باہر جمع ہو گئے۔ اس دوران ریاستی وزیر کو کار میں پڑے ہوئے درد سے کراہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈی ایم کے ایم پی اور وکیل این آر ایلانگو نے کہا کہ بالاجی کو اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ای ڈی نے انہیں گرفتار کرنے کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ایلانگو نے کہا، 'میں نے انہیں (سینتھل بالاجی) کو اس وقت دیکھا جب انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر ان کی صحت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جب کوئی شخص کہتا ہے کہ اس پر حملہ کیا گیا ہے تو ایسے میں ڈاکٹرز کو تمام زخموں کو نوٹ کرنے کی ضرورت ہے اور رپورٹ دیکھنے کے بعد پتہ چلے گا۔ ہمیں باضابطہ طور پر (ای ڈی کی طرف سے) مطلع نہیں کیا گیا ہے کہ انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔